جمعرات 24 ستمبر 2026 - 19:16
مجلسِ عاملہ دفتر قائدِ نجف کے اراکین کا اہم اجلاس / تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل پر گفتگو

حوزہ / دفتر قائدِ ملتِ جعفریہ نجف اشرف میں مجلسِ عاملہ کے اراکین کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں دفتر کی فعالیت، تنظیمی امور، پاکستانی طلاب کے لیے عیدی کی تقسیم اور اراکین کے درمیان باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت قبلہ شیخ آکاش حیدر نجفی نے حاصل کی۔ بعد ازاں مسؤلِ امورِ اداری قبلہ شیخ عبدالحسین نجفی نے مجلسِ عاملہ کے تمام اراکین کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس کے ایجنڈے میں دفتر قائد کو نئی جگہ منتقل کرنے، حوزہ علمیہ نجف اشرف میں زیرِ تعلیم تمام پاکستانی طلابِ کرام میں عیدی تقسیم کرنے، مجلسِ عاملہ کے اراکین کے درمیان مسلسل اور مضبوط روابط قائم رکھنے اور تنظیمی شعبہ جات کو مزید منظم و فعال بنانے سمیت مختلف امور شامل تھے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی غور کیا گیا کہ جن ڈویژنز میں مجلسِ عاملہ کے اراکین موجود نہیں ہیں، وہاں نئے اراکین کا انتخاب عمل میں لایا جائے تاکہ تنظیمی سطح پر موجود کمی کو پورا کیا جاسکے اور تمام شعبہ جات کو مؤثر انداز میں فعال بنایا جا سکے۔

شرکائے اجلاس نے دفتر قائد کی فعالیت کو مزید بڑھانے کے لیے مستقل عزم، باہمی تعاون اور منظم جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر تمام اراکین نے ایجنڈے میں شامل مختلف موضوعات پر اپنی مفید آرا، تجاویز اور مشورے پیش کیے۔

اجلاس کے اختتام پر نمائندہ قائدِ ملتِ جعفریہ و مدیر دفتر قائد، حجۃ الاسلام والمسلمین مجیر محمد میثمی نے مجلسِ عاملہ کے تمام اراکین کی شرکت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں دفتر قائد کو مزید متحرک اور فعال بنانے کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مستقبل کے لائحہ عمل اور تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم نکات بیان کیے۔

تاریخ: 21 ستمبر 2026ء

مقام: دفتر قائدِ ملتِ جعفریہ، نجف اشرف

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha